لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے دومختلف واقعات: 4 پولیس اہلکار شہید

لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق سرائے نورنگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور 3 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

شہید پولیس اہلکاروں کی میتیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب بنوں پولیس کے مطابق منڈان کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل رشید خان گھر سے ڈیوٹی کے لیے تھانا منڈان جا رہا تھا کہ مسلح افراد نے اسے نشانہ بنایا۔

Back to top button