40 اوور کرکٹ کپ میں پاکستان کی مسلسل پانچویں فتح
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 40اوورز کرکٹ کپ میں مسلسل پانچویں فتح اپنے نام کر لی ہے، پاکستان ویٹرنز کا 313 رنز کا ہدف کینیڈین ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ایونٹ میں پاکستان ویٹرنز نے کینیڈا کو 78 رنزسے شکست دے کر مسلسل پانچویں فتح حاصل کرلی۔ عبدالرزاق نے 70 رنز کی اننگز کھیلی، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کے پانچویں مرحلے میں پاکستان نے کینیڈا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹ پر 312 رنز بنائے۔
عبدالرزاق 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بناکر نمایاں رہے، رضوان اسلم نے 47 اور حسن رضا نے 42 رنز اسکور کیے، کینیڈا کے اقبال قاسم، سلطان ملک اور علی فاروق نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
کینیڈین ٹیم 313 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 234 رنز بناسکی، ٹائرون 61 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، پاکستان ویٹرنز کے حسن رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، پاکستان نے 78 رنزسے فتح حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کی۔ میچ جیو سوپر سے براہ راست دکھایا گیا۔