کوہستان کرپشن کیس: مزید سنسنی خیز انکشافات، اربوں روپے کے اثاثے برآمد

کوہستان کرپشن کیس میں ہوشربا انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ نیب کی تحقیقات کے بعد بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ اب تک اس کیس میں مجموعی طور پر 25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد اور ضبط کیے جا چکے ہیں۔
نیب نے خیبرپختونخوا کے اس میگا کرپشن کیس کو ابتدائی انکوائری سے باضابطہ تفتیش میں تبدیل کر دیا ہے۔ نیب خیبرپختونخوا کی حالیہ کارروائی میں متعدد سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب اب تک ایک ارب روپے سے زائد نقد رقم، غیرملکی کرنسی اور تین کلوگرام سے زائد سونا برآمد کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف کمرشل بینکوں میں موجود 73 بینک اکاؤنٹس کو منجمد کیا گیا ہے، جن میں 5 ارب روپے سے زیادہ کی رقم موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے 77 لگژری گاڑیاں بھی ضبط کی ہیں ،مزید برآں، 109 جائیدادیں بھی مختلف شہروں بشمول راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سے قبضے میں لی گئی ہیں،ان میں 4 فارم ہاؤسز،30 مکانات،2 کمرشل پلاٹس، 12 کمرشل پلازے،12 دکانیں اور فوڈ کورٹس، 25 فلیٹس اور پینٹ ہاؤسزاور 175 کنال زرعی اراضی شامل ہیں، ان جائیدادوں کی مجموعی مالیت تقریباً 17 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48گھنٹوں کے دوران اس کیس میں اہم شخصیات کی گرفتاری کا بھی امکان ہےجس کےلیے تیاریاں جاری ہیں۔یہ بہت بڑا فراڈ انتہائی چالاکی سے اور واضح گٹھ جوڑ کے ساتھ رچایا گیا،جس میں سرکاری اہلکار،لالچی ٹھیکیدار،ملی بھگت کرنے والے بینک حکام اور دیگر شامل تھے۔تمام ملزمان نے حیران کن دیدہ دلیری سے کام لیا،جس کے نتیجے میں اربوں روپے قومی خزانے سے چپ چاپ نکال لیےگئے اور کسی مالیاتی نگرانی کے ادارے کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی۔
ایران ، عراق اور شام جانے والے 40 ہزار پاکستانی زائرین لاپتا : وزیر مذہبی امور
نیب نے کوہستان کیس میں ملوث کنٹریکٹر محمد ایوب کو گرفتار کرلیا ہے،ملزم کے اکاؤنٹ میں تین ارب روپے ٹرانسفر ہوئےتھے جب کہ ملزم نے کرپشن کی رقم سے اعظم سواتی کا گھر بھی خریدا تھا۔
