5 اپریل سے انڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں و تقریبات پر پابندی عائد

ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبوں میں ہاٹ اسپاٹ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ساتھ ساتھ 5 اپریل سے شادیوں و دیگر تقریبات کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن(این سی او سی) کا اجلاس اسد عمر کی زیر سربراہی اتوار کو منعقد ہوا جس میں صوبہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے دوران بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر چند اہم فیصلے کیے گئے ہیں جو درج ذیل ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 29 مارچ 2021 سے ملک کے تمام صوبوں میں ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کے وہاں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ 5 اپریل سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادیوں اور تقریبات پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے البتہ صوبوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پابندیاں لاگو کر سکتے ہیں۔صوبوں میں ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی کمی کے لیے بھی مختلف آپشن زیر غور ہیں اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ صوبوں کی رائے اور بذریعہ ریل، ٹرین اور ہوائی جہاز سفر کرنے والوں کے اعدادوشمار موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔اس کے علاوہ صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این سی او سی کی جانب سے دیے گئے اہداف کو بروقت حاصل کریں۔
اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر منصوبہ و ترقی اسد عمر نے پابندیوں کے نفاذ کا عندیا دیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ آج این سی او سی میں صوبائی چیف سیکریٹریز کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ملک میں بڑھتے ہوئے کیسز اور وائس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ملک میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج ملک میں لگاتار تیسرے دن 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔وائرس کی تیسری لہر کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سب سے زیادہ متاثرہ ہوئے ہیں اور یہاں تواتر کے ساتھ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button