کیا اگلا بجٹ اسمبلی کی بجائے آن لائن منظور ہوگا؟

پاکستان میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد آئندہ مالی سال کا فنانس بل پاس کروانے کے لیے ورچوئل سیشن پر انحصار کیا جائے گا یا پھر حسب روایت باقاعدہ اسمبلی کا اجلاس ہی بلوانا ہوگا۔ اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کے لیے اسلام آباد میں پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے کے لئے آزمائشی بنیادوں پر ایک خصوصی کمیٹی ورچوئل سیشن منعقد کرنے جارہی ہے تاکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
تاہم ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس دوران ہیکرز کسی قسم کی تکنیکی خرابی پیدا کرکے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ دینا کے دیگر ممالک کی طرح کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں بھی پارلیمنٹ کا اجلاس گزشتہ مہینے سے ملتوی ہے تاہم اب ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی 21 اپریل کو ورچوئل سیشن منعقد کرنے جارہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مستقبل قریب میں اس ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہوئے کیا آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی اسی طرح قومی اسمبلی کا ورچوئل اجلاس بلا کر پاس کروانا ممکن ہوگایا نہیں؟
ذرائع کا کہنا یے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ملک میں آئینی تقاضے کی عدم تکمیل کا امکان بڑھ گیا جس کے بعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس 21 اپریل کو طے کرے گا کہ اس وبا کے تناظر میں قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس کیسے منعقد کیا جائے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں عملے کے 2 ممبروں میں کرونا وائرس کے مثبت نتائج آچکے ہیں۔ دونوں ممبران میں وائرس کی نشاندہی کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت تین دن کے لیے بند کردی گئی تھی۔ قانونی ماہرین کے مطابق فنانس بل پاس کرنے کے لیے بجٹ سیشن کا انعقاد ایک آئینی تقاضہ ہے اور جب قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہوتا تو اسے منظور نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور اقتدار کے اختتام سے 2 ماہ قبل اپریل میں اپنا آخری بجٹ پیش کیا لیکن پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد بجٹ پیش کرنے کے عمل میں کچھ ترامیم کیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق وبائی امراض کے دوران قومی اسمبلی کے ورچوئل سیشن سے متعلق خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس 21 اپریل کو شام ساڑھے 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی روم نمبر 2 میں ہوگا۔کمیٹی کی سربراہی وزیر برائے قومی خوراک تحفظ فخرامام کریں گے جبکہ اس کے ممبران وزرا میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، علی محمد خان اور امین الحق، پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، ایاز صادق، شاہدہ اخترعلی اور سید نوید قمر شامل ہوں گے۔
مذکورہ کمیٹی قومی اسمبلی 2007 کے قواعد و ضوابط میں ترمیم تجویز کرے گی جس کی بنیاد پر اسمبلی کے ورچوئل سیشن کا انعقاد ہوگا۔ معمول کے کام اور قائمہ کمیٹیوں کے خصوصی اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس 20 اپریل بروز پیر کھول دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ زوم یا کسی دوسرے نیٹ ورک پر ویڈیو لنک کے ذریعہ سیشن کا انعقاد غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے اور ہیکرز ہیک کرسکتے ہیں یا رکاوٹ بھی ڈال سکتے ہیں۔ دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد سے تعلیمی اور کاروباری مقاصد کے لیے زوم ایپ کے استعمال میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن ساتھ ہی اس کے استعمال میں متعدد پریشانیوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں دوران ویڈیو کانفرنس کچھ قابل اعتراض ویڈیوز آنے پر اساتذہ کی جانب سے زوم پر ویڈیو کانفرنسنگ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
کرونا وائرس پھیلنے کے بعد اراکین پارلیمنٹ کو اس مہلک وبا سے بچانے کے لیے عوامی جمہوریہ چین نے گزشتہ مہینے پارلیمنٹ کا اجلاس بلوانے سے معذرت کرلی تھی جبکہ رواں مہینے برطانوی پارلیمنٹ نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس بلوانے کا عندیہ دیا ہے ایسے میں ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے پاکستان میں بھی کوشش کی جا رہی ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو کرونا وائرس سے بچانے اور سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھتے ہوئے حسب روایت پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس بلوانے کے بجائے اگر ممکن ہوسکے تو ویڈیو لنک کے ذریعے ہی اجلاس کی کارروائی کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button