54 بچے پیدا کر کے ریکارڈ بنانے والا پاکستانی بالآخر گزر گیا

چھ بیویوں میں سے 54 بچے پیدا کر کے شہرت حاصل کرنے والے نوشکی کے رہائشی عبدالمجید مینگل بالآخر 75 برس کی عمر میں اگلے جہان روانہ ہو گئے۔ عبدالمجید اور ان کے بڑے خاندان کے بارے میں پہلی مرتبہ خبریں 2017ء میں ہونے والی مردم شماری کے موقع پر منظر عام پر آئی تھیں۔ ان کے بیٹے شاہ ولی مینگل نے بتایا کہ ان کے والد کی وفات عارضہ قلب کے باعث ہوئی ہے۔ پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور عبدالمجید مینگل افغانستان سے متصل بلوچستان کے ضلع نوشکی کے گاؤں کلی مینگل کے رہائشی تھے۔ نوشکی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے 130 کلومیٹر کے فاصلے پر مشرق میں واقع ہے۔ اپنی وفات تک عبدالحمید ڈرائیونگ کر رہے تھے۔ انہوں نے پہلی شادی 18 سال کی عمر میں کی تھی۔ اُنھوں نے چھ شادیاں کی تھیں جن میں سے دو بیویاں ان کی زندگی میں وفات پا چکی تھی۔
عبدالمجید کے 54 بچوں میں سے 12 بچے بھی انکی زندگی میں وفات پا گئے تھے جبکہ 42 بچے ابھی حیات ہیں جن میں 22 بیٹے اور 20 بیٹیاں ہیں۔ 2017 کی مردم شماری سے پہلے کوئٹہ کے رہائشی جان محمد خلجی سب سے زیادہ بچوں کے والد ہونے کے دعوے دار تھے جنکے ہاں 2017 تک 36 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ 54 بچے پیدا کرنے والے عبدالحمید کے بیٹے شاہ ولی نے بتایا کہ ان کے 12 بہن بھائی والد کی زندگی میں وفات پا گئے تھے جبکہ 42 بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات کو پوری کرنے کے لیے ان کے والد آخری دم تک کوشاں رہے۔ انکا کہنا تھا کہ 54 بچوں کی ضروریات کو پورا کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا لیکن ہمارے والد نے اپنی بساط کے مطابق ہماری ضرورتیں پوری کرنے کے لیے بھر پور کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد اُنھیں پڑھانے اور ان کی زندگی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زندگی بھر محنت مشقت کرتے رہے اور اب چھوٹے بہن بھائیوں کو سنبھالنا ان کی ذمہ داری ہے۔ شاہ ولی نے بتایا کہ بڑھاپے کے باوجود انکے والد اپنی وفات سے پانچ روز پہلے تک اپنے بچوں کے لیے روزی روٹی کا انتظام کرنے کے لیے گاڑی چلاتے رہے۔
انھوں نے کہا کہ بڑے خاندان کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے اُن کے والد نے آرام نہیں دیکھا بلکہ ہم نے ان کو ہر وقت تگ و دو کرتے دیکھا۔شاہ ولی نے کہا کہ اُنھوں نے سنا ہے کہ باقی ممالک میں بڑے خاندانوں کو حکومتوں کی جانب سے مراعات دی جاتی ہیں لیکن ان کا خاندان یہاں سب سے بڑا ہونے کے باوجود مراعات سے محروم ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ان کے والد نے سب بچوں کو تعلیم دلوائی۔ ہم میں سے کوئی بی اے ہے اور کوئی میٹرک لیکن ہمارے پاس مناسب روزگار نہیں جس کی وجہ سے ہم اپنے والد کا مناسب علاج نہیں کروا سکے۔ شاہ ولی نے کہا کہ رواں سال مون سون کے تباہ کن سیلاب کے باعث ان کے گھر بھی تباہ ہو گئے۔ہمارے پاس گھروں کو بنانے کی سکت نہیں جبکہ سرکار کی جانب سے اب تک گھروں کی تعمیر کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے ہمارے بڑے خاندان کی مشکلات دوسروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔
