غزہ ،اسرائیل کی وحشیانہ بمباری،71 فلسطینی شہید

غزہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں اسرائیلی حملے،خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 71 فلسطینی شہید ہو گئے۔

الجزیرہ کے مطابق  اسرائیلی فضائیہ نے خان یونس اور رفح میں کم از کم 10 رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔حملوں کا ہدف زیادہ تر رہائشی علاقے تھے، جہاں متعدد گھروں پر بمباری کی گئی۔حملوں میں ابو دیب، ابو دقہ، الامور اور جابر خاندانوں کے افراد شہید ہو گئے، جن میں خواتین، بچے اور ایک نوزائیدہ بچہ بھی شامل تھا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی جارحیت میں اب تک 49 ہزار 547 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ملبے تلے ہزاروں افراد دبے ہوئے ہیں، جنہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ میں حماس کے خلاف شدید جنگ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے، جس سے خطے میں مزید کشیدگی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بن گوریون ہوائی اڈے کو فلسطین-ٹو ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، جس کے بعد اسرائیل میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

Back to top button