خیبرپختونخوا میں 80سرکاری گاڑیاں غائب،ایک اور سکینڈل آگیا

خیبرپختونخوا میں 80سرکاری گاڑیاں غائب، علی امین گنڈاپور کی حکومت کا ایک اور سکینڈل آگیا۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ لائیو سٹاک سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ محکمے کی 80 سرکاری گاڑیاں غائب ہیں۔

دستاویزی شواہد کے مطابق آڈٹ کے دوران محکمہ لائیو سٹاک 80 گاڑیوں کا ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہا۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ گاڑیاں ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک کے نام پر رجسٹرڈ ہیں، تاہم یہ نہ تو دفاتر میں موجود ہیں اور نہ ہی فیلڈ میں استعمال ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔

آڈٹ رپورٹ میں ان گاڑیوں کا سراغ لگانے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ محکمے کی شفافیت پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک نے 2007 سے 2021 کے دوران مختلف منصوبوں کے لیے 200 سے زائد گاڑیاں خریدی تھیں، جن میں سے کئی کا کوئی اتہ پتہ نہیں مل سکا۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم نے بتایا کہ انہوں نے تمام غائب گاڑیوں کو فوری طور پر واپس لانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ان کے مطابق گاڑیوں کی بازیابی کے لیے لیٹرز بھی جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ سیکریٹری لائیو سٹاک نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو خطوط ارسال کر دیے ہیں۔

Back to top button