تربیلا ڈیم کی دلدل میں پھنسے80مسافروں کو ریسکیوکرلیاگیا

تربیلا ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی دلدل میں پھنس گئی تاہم ضلعی انتظامیہ نے کشتی میں سوار خواتین اور بچوں سمیت تمام 80 مسافروں کو ریسکیو کرلیا۔
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے باعث مسافروں سے بھری کشتی دلدل میں پھنس گئی۔کشتی مسافروں کو لے کر تورغر سے ہری پور آرہی تھی اور چاندنی چوک کے مقام پر دلدل میں پھنس گئی، کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 80 مسافر سوار تھے جو ریسکیو آپریشن میں تاخیر کی وجہ سے 4 گھنٹے تک پھنسے رہے۔مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈنڈوں اور رسیوں کی مدد سے کشتی کو دلدل سے نکالنے کی کوشش کی۔
بعدازاں ضلع انتظامیہ نےاسسٹنٹ کمشنر اور ریسکیو ٹیمیں تربیلہ جھیل کی جانب روانہ کیں۔ریسکیو اداروں کی جانب سے ایک گھنٹے سے زائد آپریشن کے بعد تمام مسافروں کو ریسکیو کرلیا گیا اور انہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دلدل میں پھنسی کشتی سے 20 سے زائد مسافروں کو بحفاظت منتقل کردیا گیا۔کشتی پانی کی سطح کم ہونے پر تربیلہ جھیل میں پھنس گئی تھی۔
