9 مئی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا وسیع تر مفاد میں ہے، فارمیشن کمانڈرز

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی ہے۔ عسکری قیادت نے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کہا ہے کہ 9 مئی کے پر تشدد واقعات کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا وسیع تر مفاد میں ہے۔ سیاسی مقاصد کےلیے بیرونی سہولت کاروں کی مدد سے ڈیجیٹل دہشت گردی کی جارہی ہے۔ ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد اداروں بالخصوص افواج اور عوام  میں خلیج ڈالنا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز ، پاک فوج کے فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، جن کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈے سے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  فورم کو جیو اسٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کےلیے اُبھرتے ہوئے چیلنجز اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کےلیے پاک فوج کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں شہداء کے ایصال وثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، ملک کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کیلئے مسلح افواج کے افسران کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آرمی چیف نے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی، فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔

اعلامیے کے مطابق ملک میں قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9 مئی مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔

Back to top button