9 اگست سے بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کی اجازت

حکومت نے کیسز اور اموات کم ہونے پر کورونا وائرس پر متعدد پابندیوں کو ختم کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد پاکستان میں تمام ایئر پورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کو مکمل طور پر دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے جاری کردہ نوٹم (ایئر مین کو نوٹس) میں کہا گیا ہے کہ 9 اگست کی رات 12 بجے سے آپریشنز کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ کہا گیا کہ ‘حکومت پاکستان تمام ایئر پورٹس سے پر بین الاقوامی مسافر آپریشنز بحال کر رہی ہے جیسے کورونا وائرس سے پہلے بحال تھے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘موسم گرما 2020کے شیڈولنگ سیزن کے مطابق پاکستان سے جانے یا پاکستان آنے والی بین الاقوامی طے شدہ پروازیں بحال ہوجائیں گی تاہم بین الاقوامی پرواز کے عمل کو طے شدہ ہدایات اور قابل اطلاق معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کے مطابق کیا جائے گا’۔ انہوں نے کہا کہ ‘قابل اطلاق ایس او پیز کے مطابق پاکستان جانے یا آنے والی بین الاقوامی کارگو اور خصوصی فلائٹ آپریشن بھی بحال ہوں گے’۔ ایک اور نوٹم میں سی اے اے نے کہا کہ ہر طرح کے مقامی مسافروں کو تمام ایئرپورٹس پر جانے اور آنے کی اجازت ہوگی۔
ایک روز قبل ہی ایوی ایشن ڈویژن نے اعلان کیا تھا کہ 6 اگست کی رات 12 بجے سے ملک کے تمام ایئر پورٹس سے مقامی پرواز بحال کردی جائے گی۔ ایوی ایشن ڈویژن کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار کھوکھر نے کہا کہ تمام آپریٹرز کو قائم کردہ گائیڈ لائنز، ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہوگی اور وہ مجاز اتھارٹی سے پیشگی شیڈول منظوری حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارگو خصوصی پروازیں اور نجی ہوائی جہاز کے آپریشن بھی تمام ایئرپورٹس کے لیے دستیاب ہوں گے جو متعلقہ ایس او پیز کی تعمیل کے تحت ہوں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستان نے 21 مارچ کو تمام بین الاقوامی پروازیں اور 26 مارچ کو مقامی پروازیں معطل کردی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button