ہنگو،آپریشن کے دوران9دہشتگرد ہلاک،3پولیس افسران زخمی

ہنگو کےعلاقے زرگری میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بڑا آپریشن کیا، جس کے دوران 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سمیت تین افسران زخمی ہو گئے۔
زرگری شناواری میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
فورسز نے جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم مقابلے کے دوران ڈی پی او ہنگو خالد خان، دوآبہ کے ایس ایچ او، اور ایک دیگر سیکیورٹی افسر زخمی ہو گئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا، ذوالفقار حمید نے زخمی افسران سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
ڈی پی او خالد خان کو ابتدائی طور پر کوہاٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور لے جایا گیا۔ وہاں ان کا کامیاب آپریشن کیا گیا، اور ڈاکٹروں کے مطابق اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
