ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ، نادرا نے سالانہ رپورٹ جاری کردی

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نےاپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے اپنی سالانہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرائی ہے جبکہ ترجمان شباحت علی نے ایک ویڈیو بیان کے ذریعے ایک سالہ کارکردگی کا ڈیٹا جاری کیا۔ ترجمان کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ ہے، جن میں 48 فیصد خواتین اور 52 فیصد مرد شامل ہیں۔
شباحت علی کے مطابق 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش یونین کونسلز میں درج ہو چکی ہے، تاہم یہ بچے ابھی تک نادرا سے رجسٹرڈ نہیں ہیں۔
نادرا کے بائیومیٹرک ڈیٹا بیس میں 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کی شناخت موجود ہے، جبکہ ایک ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا محفوظ ہے۔
رجسٹریشن کے اعداد و شمار میں مجموعی طور پر 11 فیصد اضافہ ہوا، بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد جبکہ خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں نادرا کے 938 رجسٹریشن سینٹرز فعال ہیں، سال 2025 کے دوران 75 نئے سینٹرز اور 138 نئے کاؤنٹرز قائم کیے گئے، جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن اور سہولت میں بھی توسیع کی گئی۔
نادرا کی پاک آئی ڈی ایپلیکیشن نے رجسٹریشن کے عمل میں 15 فیصد حصہ سنبھال لیا ہے اور اس کی ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
