جمائما خان کی فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ کے پاکستان میں چرچے

دنیا کے مختلف ممالک میں دھوم مچانے کے بعد سجل علی کی فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ کو پاکستان میں بھر میں ریلیز کر دیا گیا ہے، اس سے قبل فلم کو برطانیہ، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کیا جا چکا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کی تحریر و پروڈیوس کردہ فلم میں سجل علی نے ایک پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جس کی شادی پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے سے ہوتی ہے۔

رومانٹک مزاحیہ فلم میں سجل علی کے علاوہ بالی ووڈ اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت شہزاد لطیف اور للی جیمز نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں، واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی ہدایات بالی وڈ ڈائریکٹر شیکھر کپور نے دی ہیں جو اس سے قبل بھی ہالی وڈ فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے شہزاد لطیف کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکامی ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستان میں (سجل علی) سے طے کرتے ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کر کے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، جس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔فلم میں پاکستانی اور مشرقی ثقافت کو مثبت انداز میں دکھائے جانے کے علاوہ پاکستانی شادیوں اور خصوصی طور پر ارینج میریجز کی روایات کو بھی بہتر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو پاکستان میں ریلیز کیے جانے سے قبل برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت متعدد مغربی ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا۔اسے سینماؤں میں پیش کیے جانے سے قبل مختلف فلم فیسٹیولز میں بھی دکھایا گیا تھا جب کہ فلم کو ستمبر 2022 میں ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

اگرچہ سجل علی اس سے قبل بالی وڈ فلم (موم) میں بھی کام کر چکی ہیں، تاہم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو ان کی پہلی عالمی فلم کا اعزاز حاصل ہے، سجل علی نے ڈراموں سے اداکاری کا آغاز کرنے کے بعد بالی وڈ فلم میں سری دیوی کے ساتھ کام کرنے سے فلم ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد وہ پاکستانی فلموں میں بھی دکھائی دیں۔

جمائما خان کی لکھی گئی ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی کہانی کو پاکستانی شائقین کی جانب سے کافی سراہا جا رہا ہے جب کہ اس میں سجل علی کی اداکاری کی بھی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

دریں اثنا ہالی ووڈ پروڈیوسر جمائما گولڈ سمتھ نے پاکستانی قوم کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، ٹوئٹر پر پاکستانیوں کیلئے جمائما نے پیغام میں اعلان کیا کہ ان کی فلم ’?What’s Love Got To Do With It‘ پاکستان میں ریلیز ہو گئی ہے۔

جمائما نے لکھا کہ ’پاکستانیو! جائیں اور جاکر سجل علی کی سنسنی خیز اداکاری دیکھیں ہماری فلم ’?What’s Love Got To Do With It‘ پاکستان میں ریلیز ہو چکی ہے۔

پاکستان میں عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کی فلم ریلیز ہونے پر انہیں سوشل میڈیا صارفین اور پاکستان شوبز کے اداکاروں کی جانب سے مبارکباد دی جا رہی ہے۔

عمران خان چوریاں کر سکتا ہے تو جیل کیوں نہیں جا سکتا

Related Articles

Back to top button