عمران خان چوریاں کر سکتا ہے تو جیل کیوں نہیں جا سکتا

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان سب سے بڑا چور ہے، جو چوریاں تو کر سکتا ہے لیکن جیل میں نہیں جا سکتا۔
شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا میں اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہوں تو کوئی رہ تو نہیں گیا جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی ہو اور ذلت و رسوائی اس کا مقدر نہ بنی ہو۔
انہوں نے کہا کہ کوئی رہ تو نہیں گیا جس نے اپنے منہ سے یہ نہیں کہا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی اور وہ بے نقاب نہ ہوا ہو، ہر کوئی سچ بولے گا کہ ہاں ہم نے نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کل سازش کا ایک بہت بڑا کردار ڈیم والا بابا ثاقب نثار جو اپنے آپ کو بابا رحمت کہتا تھا لیکن پاکستان کے لیے زحمت ثابت ہوا‘، ثاقب نثار کہہ رہا تھا کہ میں نے نواز شریف کو اس لیے نااہل کیا کیونکہ چند لوگوں کا خیال تھا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ تم پاکستان کی انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھے تھے تم نے کسی کے خیال پر انصاف کرنا تھا یا آئین اور قانون کے مطابق انصاف تھا، کسی کی خواہش پر انصاف کرنا تھا یا آئین کے مطابق انصاف تھا۔
سابق چیف جسٹس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ آج بھی پورا سچ نہیں بول رہا ہے لیکن یہ پورا سچ بھی بولے گا اور بولے گا کہ وہ کچھ لوگ کون تھے، یہ کچھ لوگ وہی تھے جو شوکت عزیز صدیقی کے گھر گئے، یہ کچھ لوگ جنرل(ر) فیض حمید تھا جو شوکت عزیز صدیقی کے گھر میں گیا اور کہا کہ نواز شریف اور اس کی بیٹی کو ضمانت دی تو ہماری دو سال کی محنت ضائع ہوجائے گی، قوم کو بتاؤ وہ کچھ لوگ فیض حمید تھے‘۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ’ڈیم والے بابا قوم کو بتاؤ کہ کس طرح تم نے عمران خان کو الیکشن جیتنے میں مدد کی اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو تاحیات کس طرح نااہل کیا، عمران خان کے سب سے بڑے حریف کو میدان سے باہر پھینک دیا‘۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس کبھی کوئی حکومتی عہدہ نہیں تھا لیکن مجھے 10 سال کے لیے نااہل کیا، چن چن کر مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت کا یا نااہل کیا یا جیلوں میں ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی بابا زحمت جب انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھا تھا تو فرعون بنا ہوا تھا، لوگوں کی پگڑیاں اچھالتا تھا، عزت داروں کی پگڑیاں اچھالتا تھا، ان پر الزامات عائد کرتا تھا اور بے عزتی کرتا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ ’ثاقب نثار کہتا ہے کہ مرنے کے بعد کتاب شائع ہوگی اور اس مین سچ لکھوں گا، کیا تمہیں موت یاد ہے، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب کسی کے کہنے پر ایک بے گناہ شخص کو سزا دی، اس وقت موت یاد نہین تھی تم نے جب ایک منتخب وزیراعظم کو اٹھا کر دفتر سے باہر پھینک دیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’تمہیں اس وقت موت یاد نہیں تھی جب تحریک انصاف کی انتخابی مہم چلائی، جس نے سچ بولنا ہوتا ہے وہ اسی زندگی میں سچ بولتا ہے مرنے کا انتظار نہیں کرتا، مرنے کا انتظار وہی کرتا ہے جو اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ثاقب نثار کہتا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے، اب پتا ہے پول کھلنے والے اور کھل رہے ہیں تو کہہ رہا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے، بدنام زمانہ جے آئی ٹی یاد ہے جو وٹس ایپ پر بنی تھی اس وقت وٹس ایپ ہیک نہیں ہوا تھا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ثاقب نثار کہتا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے، اب پتا ہے پول کھلنے والے اور کھل رہے ہیں تو کہہ رہا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے، بدنام زمانہ جے آئی ٹی یاد ہے جو وٹس ایپ پر بنی تھی اس وقت وٹس ایپ ہیک نہیں ہوا تھا‘۔
