سہیل آفریدی انتظامی طور پر فارغ، اب سیاسی طور پر بھی ہوچکے: عطا تارڑ

 

 

 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ ’کھودا پہاڑ نکلا چوہا‘ کے مترادف ثابت ہوا، پارٹی نے مارچ کی کوئی تیاری نہیں کی تھی۔سہیل آفریدی انتظامی طور پر فارغ، اب سیاسی طور پر بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی والے دہشت گردوں کی مذمت نہیں کرتے،ان کا دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں سیاسی طور پر انتہائی کمزور ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ میرے بیان پر کہاگیا کہ ہمارا مارچ، ہماری مرضی، اصل میں نہ ہی تمہارا مارچ ہے اور نہ تمہاری مرضی۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی سیاسی ساکھ کھوچکے ہیں اور ان کی اپنی پارٹی کے اندر رٹ ختم ہوچکی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ سہیل آفریدی نے کارکنوں کو مایوس کیا، پی ٹی آئی لانگ مارچ اور دھرنے سے پیچھے ہٹ رہی ہے،تاہم اگر وہ نئی تاریخ پانچ اکتوبر مقرر کرتے ہیں تو حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

لانگ مارچ مؤخر کرنا سیاسی حکمت عملی ہے : شوکت یوسفزئی

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پوری امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا اور مسئلہ فلسطین پر بات کی۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق میں دوٹوک مؤقف اختیار کرتےہوئے اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کی۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ فلسطینی نمائندوں نے وزیراعظم کی تقریر کو دل کھول کر سراہا،جب کہ دنیا بھر میں بھی ان کےخطاب کی پذیرائی ہوئی،وزیراعظم کے فلسطینی عوام کےلیے جذبات محض الفاظ تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات بھی سب کے سامنے ہیں۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کےلیے امدادی سامان بھی بھجوایاگیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی طلبہ کی پاکستان میں میڈیکل تعلیم کے حوالے سے بھی کردار ادا کیاہے،فلسطین کے طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کی بھی مذمت کی اور فلسطین کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑتےہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف واضح مؤقف پیش کیا۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان کا کہنا تھاکہ اگر سہیل آفریدی نے بھاگنا ہی تھا تو جھوٹ کیوں بولا۔سہیل آفریدی پہلے کہتےتھے کہ جب تک عمران خان نہیں کہیں گے،مارچ ملتوی نہیں ہوگا،لیکن اب وہ اپنے کارکنوں سے جھوٹ بول رہے ہیں۔

اختیار ولی خان نےکہا کہ سہیل آفریدی کو احتجاج کے ’’چیمپیئن‘‘ کے طور پر سامنے لایا گیا تھاتاہم لانگ مارچ سے متعلق ان کا اعلان محض میڈیا سٹنٹ تھا۔

 

Back to top button