کمپنی نے ملازم کو راتوں رات امیر کر دیا

یورپی کمپنی نے غلطی سے ملازم کے اکائونٹ میں 367 گنا زیادہ تنخواہ ٹرانسفر کر دی لیکن جب کمپنی نے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو ملازم نے انکار کر دیا جس پر اسے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔

اس شخص کا نام تو معلوم نہیں ہوسکا، لیکن پتہ چلا ہے کہ وہ ہنگری کی سوموگی کاؤنٹی کا رہنے والا ہے اور اس نے کیپسوار نامی علاقے میں موجود کمپنی میں مختصر عرصے کام کیا۔

لیکن اسے آزمائشی مدت کے دوران ہی ملازمت سے برخاست کردیا گیا، اس کی اجرت 92 ہزار 549 فورنٹس( ہنگری کی کرنسی) تھی، جو 238 یورو کے مساوی ہے۔

تاہم غلطی سے کمپنی نے اسے 367 گنا زیادہ رقم ادائیگی کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ غلطی کی وجہ یہ تھی کہ اس نے اپنا بینک اکاؤنٹ کسی آسٹرین بینک کا فراہم کیا تھا اور کمپنی نے فورنٹس کے بجائے اسے  92,549 یورو کی ادائیگی کردی۔

جب اس سے رقم لوٹانے کو کہا گیا تو اس نے انکار کرتے ہوئے حیلے بہانے شروع کردیے، جس پر پولیس کی مدد لی گئی اور اب تک 72 ہزار یورو واپس لے لیے گئے ہیں جبکہ باقی کی واپسی کی کوششیں جاری ہیں۔

Related Articles

Back to top button