قومی ٹیم کی بری کارکردگی پر سابق کرکٹرز برس پڑے

پاکستان اور آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سابق کرکٹرز برس پڑے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی رمیز راجا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ کیا کرکٹ مینجمنٹ ماڈل کو فٹبال مینجمنٹ ماڈل کی طرز پر نہیں ہونا چاہیے؟ رمیز راجا نے پی سی بی کے کوچنگ اسٹاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پے در پے شکست یا پھر ایک سے دو ماہ کی بری کارکردگی کوچنگ اسٹاف کو تبدیل کرنے کےلیے کافی ہوتی ہے۔


خیال رہے کی گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق بھی آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پھٹ پڑے تھے۔
انہوں نے بھی ٹوئٹر پیغام میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آسٹریلیا میں ہماری ٹیم کی مسلسل خوفناک کارکردگی کوچ/ چیف سلیکٹر کی تبدیلی کا تقاضہ کرتی ہے‘۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کر رکھا ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ اور انضمام الحق کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا جس کے بعد یہ دونوں اہم عہدے مصباح کو دے دیئے گئے۔
دوسری جانب سابق کپتان معین خان نے کوچ کو تبدیل کرنے کے حوالے سے نعیم الحق کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے جو بات کہی وہ درست کہی ہے۔ پاکستانی بلے بازوں نے غلط شاٹ کھیل کر خود وکٹیں گنوائیں، اگر نوجوان بولرز کو موقع دے رہے ہیں تو مکمل موقع دیں۔ پہلے ٹیسٹ کے بعد تین تبدیلیاں کر کے ٹیم میں بے یقینی خود پھیلائی جا رہی ہے‘۔
یاد رہے کہ مصباح الحق کی منتخب کردہ ٹیم کا پہلا امتحان سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز تھی جس میں پاکستان نے 0-2 سے ون ڈے سیریز جیتی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس شکست کے بعد پی سی بی نے سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی بابر اعظم کو سونپ دی تھی جب کہ ون ڈے کپتان کے نام کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے مشکل ترین دورے پر ہے جہاں پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اب سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی اب تک آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button