قیمتوں میں ریکارڈ کمی،کون سا موبائل فون کتنے میں ملے گا؟

پاکستان بھر میں موبائل فونز کی قیمتوں میں حیران کن کمی دیکھی گئی ہے، بیرون ممالک سے درآمد کیے گئے موبائل کی قیمتوں میں 3 سے 18 ہزار روپے کی ریکارڈ کمی ہوئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں موبائل فونز کی قیمتوں میں کمی کی کئی وجوہات ہیں۔ ڈالر کی قدر میں کئی ماہ سے استحکام، ایف بی آر کی نئے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی ڈیوٹی میں کمی اور مقامی سطح پر موبائل بنانے والوں کو سامان درآمد کرنے میں ریلیف ملنے سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے اب موبائل فون سستے ہوئے ہیں۔کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما منہاج گلفہام نے ’’اردو نیوز‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ رواں سال مسلسل چوتھے مہینے میں مختلف موبائل فونز کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ ویگو ٹیل، انفینکس، ریڈ می، سام سانگ، آئی ٹیل، او پو اور شاومی سمیت دیگر موبائل فون بنانے والی کمپنیوں نے نئے ماڈلز جاری کیے ہیں جن کی قیمتیں حیران کن طور پر کم ہیں۔پاکستان میں مقامی سطح پر سمارٹ فون بنانے والی کمپنی آئی کون ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت مقامی سطح پر موبائل فون بنانے والی کمپنیوں کو ماضی کی طرز کی مشکلات کا سامنا نہیں ہے، اب ایل سی ( لیٹر آف کریڈٹ) بینک آسانی سے کھول رہے ہیں جس کی بدولت ملک میں خام مال کی درآمد ممکن ہورہی ہے۔ عبدالوہاب نے بتایا کہ پاکستان میں تقریبا 30 کے قریب موبائل فون بنانے والی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں پاکستان میں عالمی معیار کے موبائل فون تیار کر رہی ہیں۔ عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تیار ہونے والے فون صارفین کو سستے پڑتے ہیں، اس کی سب اہم وجہ تو یہ ہے کہ درآمد شدہ فون کی ڈالر میں خریداری اور ڈیوٹی ادائیگی کا عمل نہیں ہوتا ہے، کئی ماہ سے ڈالر کی اونچی اڑان تھمی ضرور ہے لیکن پھر بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر اب بھی زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ مقامی سطح پر تیار ہونے والے سمارٹ فونز کی وارنٹی کلیم سمیت دیگر معاملات بھی آسان ہیں۔ کسی بھی فون کی بیٹری، کیمرہ، سکرین سمیت دیگر سامان باآسانی مارکیٹ میں دستیاب ہے اس لیے فون کی رپیرنگ کا معاملہ بھی آسان ہے۔مہناج گلفہام کے مطابق باہر سے پاکستان آنے والے موبائل فون کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ ملک مقامی سطح پر موبائل فونز کا تیار ہونا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سام سانگ کا الٹرا ماڈل کے موبائل فونز پاکستان میں دبئی سے کم قیمت میں دستیاب ہیں۔پاکستان میں ڈیوٹی ادائیگی کی دو کٹیگریز ہیں جو عام طور پر ادا کی جاتی ہیں، ایک پاسپورٹ کے ذریعے کے موبائل ڈیوٹی ادا ہوتی ہے دوسرا آئی ڈی کارڈ کے ذریعے ڈیوٹی ادا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی فون 14 پرومیکس منی پر پاسپورٹ پر تقریباً 1 لاکھ 8 ہزار 979 روپے ڈیوٹی ہے جبکہ آئی ڈی کارڈ پر تقریباً 1 لاکھ 32 ہزار 527 روپے ڈیوٹی ادا کرنی ہوتی ہے، اسی طرح سام سنگ زیڈ فولڈ 4 پر پاسپورٹ پر تقریباً 72 ہزار 500 روپے ڈیوٹی ہے اور آئی ڈی کارڈ پر 85 ہزار 6 سو روپے کی ڈیوٹی ادا کرنا ہوتی ہے۔کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما کی رائے سے مقامی سطح پر موبائل فون بنانے والے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔ عبدالواہاب کہتے ہیں کہ پاکستان میں غیر قانونی طور لائے گئے موبائل فون کی خرید و فروخت عام ہے، ان موبائل فون کی خرید و فروخت سے جہاں ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے وہیں مقامی سطح پر صنعت کو بھی اس سے نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں غیر قانونی طریقوں سے موبائل فون لانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مقامی صنعت پروان چڑ سکے، ملک میں ریونیو بھی ملے اور شہریوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں۔

Related Articles

Back to top button