وزیر داخلہ نے اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کی ٹھان لی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کو دہشتگردوں، جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے کیلئے کمان سنبھال لی ہے، اس سلسلے میں آئی جی اسلام آباد کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے، ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنانے اور پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم دیا گیا ہے، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کیخلاف کارروائی ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس کے دوران منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز، بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، منشیات فروش ہمارے مستقبل کے دشمن ہیں ان کے خلاف سخت ترین ایکشن ہوگا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے امن و امان کی صورتحال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی آر کے اندراج کو سو فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اس کے ساتھ  وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقی ملازم کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنا چاہئے، پرموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی۔اس کے علاوہ وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں اور ان کی تنخواہوں کو پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے بھی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی کے نظام کو لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہوگا، اسلام آباد میں تھانوں کی حالت کو بہتر کر رہے ہیں، چند مہینوں میں اچھے نتائج ملیں گے۔

Related Articles

Back to top button