پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان میں نئے گورنر تعینات

سلیم حیدر گورنر پنجاب، جعفر مندوخیل بلوچستان، فیصل کنڈی گورنر خیبرپختونخوا مقرر ہو گئے۔صدر مملکت آصف زرداری نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کی تقرری کی منظوری دے دی۔ صدرمملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر منظوری دی۔صدر آصف زرداری نے آئین کے آرٹیکل 101 (ایک) کے گورنرز کے ناموں کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔

ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر پاکستان نے سردار سلیم حیدر خان کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دی۔اسی طرح فیصل کریم کنڈی اور جعفر خان مندوخیل کی بطور گورنر خیبر پختونخوا اور گورنر بلوچستان تعیناتی کی بھی منظوری دے دی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے گورنروں کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101 (ایک) کے تحت دی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گذشتہ روز پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے گورنروں کو نامزد کیا تھا۔صوبے پنجاب کی گورنر شپ کے لیے اٹک سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما سردار سلیم حیدر خان کو نامزد کیا گیا۔سردار سلیم حیدر خان کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور وہ وفاقی وزیر بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی رہ چکے ہیں۔
اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا نامزد کیا گیا تھا۔ وہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور موجودہ گورنر حاجی غلام علی کی جگہ سنیچر کو اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔
جعفر خان مندوخیل کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے اور پارٹی کے بلوچستان میں صوبائی صدر ہیں۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد ملک میں حکومت سازی کے عمل میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ مرکزی حکومت مسلم لیگ ن کے پاس رہے گی جبکہ صدر مملکت کے عہدے کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنروں کے آئینی عہدے پیپلز پارٹی کے پاس جائیں گے۔ سندھ اور بلوچستان کے گورنروں کے عہدے مسلم لیگ ن کے پاس ہوں گے۔ سینیٹ چیئرمین کا عہدہ پیپلز پارٹی رکھے گی۔اقتدار کی اس تقسیم کے فارمولے کے پہلے مرحلے میں آصف علی زرداری نے صدر کا عہدہ سنبھالا جبکہ یوسف رضا گیلانی چئیرمین سینیٹ منتخب ہو چکے ہیں۔وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے ن لیگ کے حصے میں آئے۔

 

Related Articles

Back to top button