خیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گا: فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس کسی سازش کا حصہ نہیں ہوگا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک اور صوبے کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے اور صوبے کی خوشحالی کے لیے سب کے پاس جانے کو تیار ہوں ۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان پل کا کردار اداکروں گا ۔

گورنرکے پی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ  ملاقات میں صوبے کے اہم مسائل پر گفتگو ہوئی۔وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے صوبے کا مقدمہ پیش کرنا اور اس کے لیے لڑنا میری ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور  پر  تنقید کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایس آئی ایف سی اجلاس میں دلائل کے ساتھ بات کی۔ وزیراعلیٰ کے پی ایسی زبان استعمال کرتے تھے جس سے مسائل کا حل نہیں نکلتا تھا۔ بیان بازی سے مسائل کا حل نہیں نکلے گا بلکہ بیٹھ کر بات چیت سے نکلے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ متعلقہ فورم پر گئے۔ اگر ان کا رویہ مستقبل میں بھی ایسا رہا تو وفاق کیساتھ مسائل حل ہونے کا امکان ہے۔  کوئی کسی کو کسی جگہ جانےسے نہیں روک سکتا۔ بلاول بھٹو  جلد خیبرپختونخوا آئیں گے اور گورنر ہاؤس میں قیام کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈرز کو دعوت دیتا ہوں ہمارے پاس آئیں۔ ان کی کوئی مجبوری ہے نہیں آسکتے تو میں خود ان کے پاس جاسکتا ہوں۔ مل کر صوبے کے لیے اقدامات کریں گے۔ جتنی جماعتیں ہیں ان کے پاس جلد جاؤں گا۔تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے۔ اگر پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر آنا چاہتی ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لفظی جنگ ہوئی لیکن جب مجھے احساس ہوا تو میں نے اپنے الفاظ واپس لےلیے۔ 9 مئی کے ملزمان کو سزا ملنی چاہیے۔

Back to top button