سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد سے مذاکرات نہیں ہوں گے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مذاکرات اور مفاہمت پر پختہ یقین ہے لیکن سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے پر کوئی معافی نہیں دے سکتا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاست میں مفاہمت، مذاکرات ہونے چاہئیں۔ پارلیمنٹ کے سامنے دیے گئے 126 دن کے دھرنے کو ہم نے مذاکرات کے ذریعے ہی ختم کیا تھا۔ تاہم جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)، جناح ہاؤس اور دیگر تنصیبات پر حملہ کرنے پر کوئی معافی نہیں دے سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فارمیشن کمانڈرز میٹنگ نے جس موقف کا اظہار کیا وہ ہر پاکستانی کا موقف ہے۔ جو ریاست کے خلاف کھڑا ہو گا اس سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ سانحہ 9 مئی میں ملوث عناصر کیلئے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان ملتوی ہونے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم کا کہنا تھا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے والد کی طبعیت خراب ہے اسی وجہ سے انہوں نے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ جاپان کا دورہ بھی ملتوی کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے اور ان کے دورہ چین سے اچھی خبریں آنے کا امکان ہے۔

Back to top button