پی آئی اے حج پرواز کی ریاض ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کیوں ہوئی؟

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی حج پرواز پی کے 839 نے ریاض ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
حج پرواز کے ایک مسافر نے بتایا کہ دوران پرواز طیارے میں دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے بعد طیارہ جدہ سے موڑ کر ریاض ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

ائیر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی حج پرواز رات 10 بجے کراچی سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی تاہم حج پرواز کو ہائی ٹمپریچر کی وارننگ کے باعث ہنگامی طور پر ریاض ائیرپورٹ پر لینڈ کرا لیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے839 میں دوران پرواز کارگو کیبن میں ہائی ٹیمپریچر کی وارننگ آئی تھی جس کے باعث طیارے کو ریاض ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارے سے تمام مسافروں کو اتارکر لاؤنج میں منتقل کیا گیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طیارے کی جانچ کے بعد ہائی ٹیمپریچر وارننگ غلط ثابت ہوئی اور جانچ کے بعد پرواز پی کے 839 کو دوبارہ جدہ کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

Back to top button