میں جینا نہیں چاہتا، سینیئر اداکار راشد محمود بجلی کا بِل دیکھ کر آبدیدہ ہوگئے

کسم پرسی اور بیماریوں کا سامنا کرنے والے سینیئر اداکار راشد محمود کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ بجلی کا بل ہزاروں روپے آنے پر اپنی موت کی دعا مانگتے دکھائی دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر راشد محمود کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے اپنے گھر کا بجلی کا بِل دکھایا، ان کے مطابق 701 یونٹ استعمال کرنے پر ان کا 45 ہزار روپے بجلی کا بل آیا ہے۔

راشد محمود نے بتایا کہ میں 4 مرتبہ ہارٹ اٹیک کے باوجود اللہ کے کرم سے زندہ ہوں لیکن آج  سوچتا ہوں میرے اللہ مجھے کیوں بچایا، میں نے اپنی ساری زندگی اس ملک کی نہایت ایمانداری کے ساتھ خدمت کی، ہمارے کاموں کے باعث  یہاں اربوں روپے اکٹھا ہوئے لیکن پچھلے کئی برسوں سے لاہور میں ہمارے لیے کوئی کام نہیں، اب  میں 45 ہزار بجلی کے بل کی ادائیگی کےلیے پیسے کہاں سے لاؤں‘؟

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر سیاست دانوں اور حکمرانوں پر کرپشن کے الزامات بھی لگائے اور کہا کہ وہ ملک کو لوٹ کر بیرون ملک پیسہ لے گئے اور ایک پیسہ بھی واپس لانے کو تیار نہیں۔

راشد محمود نے ارباب اختیار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی وی اینکرز اور صحافیوں کے لیے تو بہت کچھ کر رہے ہیں لیکن فنکاروں اور ان جیسے غریبوں کےلیے کچھ نہیں کیا جا رہا۔ویڈیو میں انہوں نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے خدا سے دعا کی کہ وہ انہیں اب اس دنیا سے اٹھالیں۔

Back to top button