آئندہ کوئی آمر غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھا سکے گا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کا فیصلہ تاریخی ہے اور اس سے پیغام ملا ہے کہ کوئی آمر آئندہ اس قسم کا کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھا سکے گا۔
گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ‘پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کا تفصیلی فیصلہ نہیں پڑھا لیکن اس حوالے سے جتنا علم میں آیا ہے اس کے مطابق یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے، انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں عدلیہ کی جانب سے پہلی بار ایسا فیصلہ آیا ہے۔’یہ فیصلہ جمہوریت کی طرف پاکستان کے سفر کا پہلا قدم ہے.
انہوں نے کہا کہ ‘میں نے 2007 میں کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، اس وقت شاید کئی لوگوں کو میری یہ بات سمجھ میں نہیں آئی تھی لیکن آج کا فیصلہ آنے کے بعد لوگوں کو میری بات سمجھ آگئی ہے۔’ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم جمہوریت کے حق میں ہیں، ہماری جدوجہد بھی جمہورت کے لیے ہے اور اگر ہم ملک میں جمہوریت لانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو عوام کے مسائل حل کر سکتے ہیں، آج کا یہ فیصلہ پیغام ہے کہ کوئی آمر آئندہ اس قسم کا کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھا سکے گا۔’
فریال تالپور اور خورشید شاہ کی ضمانت پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیل کی افواہوں کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘ہمارے سیاسی قیدیوں کے خلاف ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا، عدالتوں کے سامنے ہمارا یہی کیس تھا کہ جب تک آپ کسی کو سزا نہیں سناتے انہیں کیسے قید میں رکھا جاسکتا ہے، جبکہ عدالتوں سے انصاف مانگنا ہمارا قانونی حق تھا۔’
انہوں نے کہا کہ ‘جب تک آپ مجرم ثابت نہیں ہوئے ہوں تو اس طرح کسی کو سیاسی لوگوں کو قید میں رکھنا انتقام کی ایک روایت ہے جسے رُکنا چاہیے، اس کا انصاف اور قانون کی عملداری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔’
واضح رہے کہ اسلام آباد میں خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو سنگین غداری کا مرتکب قرار دیتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت انہیں سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا۔
وفاقی دارالحکومت میں موجود خصوصی عدالت میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس وقاراحمد سیٹھ کی سربراہی سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نذر اکبر اور لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔عدالت میں سماعت کے بعد 3 رکنی بینچ نے 2 ایک کی اکثریت سے فیصلہ سناتے ہوئے سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کو غداری کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں سزائے موت کا حکم دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button