لاہور بار ایسوسی ایشن نے ججز کا تبادلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

عمران خان کے بعد لاہور بار ایسوسی ایشن نے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دیگر ہائی کورٹس سے ججز کے تبادلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
لاہور بار ایسوسی ایشن نے ججز کا تبادلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتےہوئے ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کا نوٹی فیکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
سپریم کورٹ میں ججز ٹرانسفر کےخلاف آئینی درخواست سینیئر وکیل حامد خان کے ذریعے دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہےکہ ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ جسٹس عامر فاروق کا ججز کی ریپریزینٹیشن پر فیصلہ بھی کالعدم قراردیا جائے۔
سپریم کورٹ سے یہ استدعا بھی کی گئی ہےکہ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی کالعدم قراردیا جائے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ دوبارہ جاری کرنےکا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ نیا حلف اٹھانے تک ٹرانسفر شدہ ججز کو کام سے روکا جائے،ٹرانسفر شدہ ججز کی سنیارٹی حلف اٹھانے کےبعد سے شمار کی جائے۔
قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے : بلاول بھٹو
واضح رہےکہ گزشتہ روز عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز ٹرانسفر کے نوٹی فکیشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
عمران خان نے استدعا کی تھی کہ ججز کے تبادلے کا نوٹی فکیشن غیرقانونی، غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا جائے جب کہ ججز کے تبادلوں میں آئین اور عدلیہ کی آزادی کے اصولوں کی مکمل پاسداری کی ہدایت کی جائے۔