کپتان نے کرونا وائرس مزید پھیلنے کی وارننگ دے دی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس مزید پھیلے گا لیکن یہ نہیں معلوم کتنی تیزی سے بڑھے گا۔ تاہم ایک ہفتہ میں صورتحال واضح ہو جائے گی.
راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس پھیلا تو اندازہ تھا کہ پاکستان بھی آئے گا، 15 جنوری سے کورونا وائرس کے خلاف تیاری کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے بڑھنا ہے، کس تیزی سے بڑھنا ہے یہ نہیں پتہ تاہم ساری جگہوں سے ڈیٹا آرہا ہے اور ایک ہفتے بعد اس کا بھی اندازہ ہوجائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کرونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں، پوری قوم ہیلتھ ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں تمام میڈیکل سامان چین سے آرہا ہے جب کہ امریکا نے بھی ہیلتھ ورکرز کے لیے ویزے کھول دیے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی، سرکاری اسپتالوں کی صورتحال 70 کی دہائی تک بہتر تھی جبکہ تعلیم کی طرف بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر اللہ کا کوئی خاص کرم ہے کہ یہاں کورونا اتنی تیزی سے نہیں پھیلا جتنا مغربی ممالک میں پھیلا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال چاہے جیسی ہو یہ قوم حکومت فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کے پیچھے کھڑی ہے اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہوگی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں احساس تھا کہ ہمارے طبی عملے کے پاس وہ سہولیات اور آلات نہیں ہوں گے اس لیے ہم نے اس وقت سے ہی اپنی پوری کوشش کی لیکن بدقسمتی سے پوری دنیا میں آلات، ذاتی تحفظ کی اشیا اور وینٹلیٹرز کی طلب بڑھ گئی جس سے ہمارے لیے اپنی گنجائش میں اضافہ کرنا مشکل ہوگیا۔ لیکن ہماری لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ چین نے ہمیں اس معاملے میں ترجیح دی اور جیسے جیسے چین نے اس وبا پر قابو پایا انہوں نے سب سے پہلے پاکستان کو ترجیح دی اور آج بھی جو آلات ملک میں آرہے ہیں وہ سب چین سے آرہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کنٹرول اور کمانڈ سینٹر کے روزانہ ہونے والے اجلاس میں سب سے پہلی ترجیح یہ ہوتی ہے کہ ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں کام کرنے والے عملے کے تحفظ کی اشیا دی جائیں۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے فنڈ قائم کیا گیا ہے، چاہتا ہوں ہر شخص اس فنڈ میں حصہ ڈالے، یہ فنڈ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کا خیال رکھنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، مخیر حضرات نیشنل بینک میں قائم کردہ اکاؤنٹ میں رقم بھیجیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 39 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ اب تک اس وبا سے متاثر ہونے والے 27 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button