کے الیکٹرک کا بجلی کے بل اوسط بلنگ کے مطابق بھیجنے کا فیصلہ

کراچی میں بجلی کی تقسیم کار نجی کمپنی کے الیکٹرک نے کورونا وائرس کے باعث براہ راست میٹر ریڈنگ ممکن نہ ہونے کے سبب اوسط بلنگ کا اعلان کیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کو بلنگ میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 11ماہ کی بنیاد پراوسط بلنگ یا گذشتہ سال اسی ماہ کے بل میں سے کم ویلیو پراپریل میں بلنگ ہوگی اور براہ راست میٹر ریڈنگ دوبارہ شروع ہوتے ہی بلز حقیقی ریڈنگ پرایڈجسٹ کردیے جائیں گے۔کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ اس نے یہ اقدام صارفین کے وسیع تر مفاد اور بہتر خدمات کے لیے کیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو بِلوں میں رعایت کرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کا بجلی کا بل 5 ہزار روپے تک ہے، ان سے اس ماہ بل نہ لیاجائے اور اسے اگلے 10 ماہ میں قسطوں کی صورت میں وصول کیا جائے۔تاہم کے الیکٹرک نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت ماننے سے انکار کردیا تھا،ترجمان کا کہنا تھا کہ 4 ہزار روپے سے کم کے بلوں کی ادائیگی کی تاریخ بڑھادی گئی ہے اور صارفین 10 اپریل تک اپنے بل جمع کراسکتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہےکہ کورونا کی وجہ سے عوام بجلی اور گیس کے بل 3 ماہ بعد جمع کراسکتے ہیں۔حفیظ شیخ کا کہنا تھاکہ بجلی اور گیس کے بل فوری طور پر جمع کرانے کی ضرورت نہیں، 3 ماہ بعد بھی جمع کرائے جاسکیں گے۔تاہم مشیر خزانہ کی جانب سے کے الیکٹرک کے صارفین کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button