انٹرنیٹ کمپنیاں اور کیبل آپریٹرز کے الیکٹرک کے خلاف سراپا احتجاج کیوں؟

پاکستان میں رہتے ہوں اور ‘بجلی جانے’ کے عمل سے واقف نہ ہوں، یہ تو نہیں ہو سکتا۔ بارش کے دوران یا گرمیوں کے عام دنوں میں بھی بجلی جانا کوئی ایسی غیر معمولی بات نہیں۔ پہلے زمانے میں لڈو، تاش، کیرم، شطرنج یا ایک اچھی کتاب سے کام چل جاتا تھا لیکن آج کل جب بجلی نہ ہو تو عام طور پر تفریح کا واحد سہارا انٹرنیٹ رہ جاتا ہے جس کے ذریعے لوڈ شیڈنگ یا تکنیکی خرابی کے چند گھنٹے بمشکل کاٹ لیے جاتے ہیں۔
تاہم کراچی کے شہریوں کو حالیہ چند دنوں میں جہاں بجلی کی بندشوں کا سامنا رہا، تو وہیں اب انھیں کیبل ٹی وی اور مختلف انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز کی جانب سے بھی خدمات کی معطلی کا سامنا ہے۔ کراچی میں اس حوالے سے پیر اور منگل کو اپنی تاریں صارفین کے گھروں تک پہنچانے کے لیے کے الیکٹرک کے کھمبے استعمال کرنے والے سروس پرووائیڈرز نے شام سات بجے سے رات آٹھ اور نو بجے تک اپنی خدمات ‘احتجاجاً’ معطل رکھیں۔ تنازع اصل میں کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی نجی کمپنی کے الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز/انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کے درمیان ہے۔
کراچی میں زیادہ تر کیبل آپریٹر اور انٹرنیٹ کمپنیوں کی تاریں زمین سے اوپر کے الیکٹرک کے کھمبوں پر سے گزاری جاتی ہیں۔آپ کو شاید یاد ہو کہ گزشتہ سال کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مون سون کی بارشوں کے دوران تین دوست موٹرسائیکل پر سفر کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سےجاں بحق ہوگئے تھے۔ اس معاملے پر بڑا تنازع پیدا ہوا اور معاملہ سندھ ہائی کورٹ تک جا پہنچا جس کے بعد کے الیکٹرک کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ کرنٹ لگنے کے ایسے واقعات کیبل اور انٹرنیٹ کی ڈھیلی تاروں کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد سے کے الیکٹرک کی جانب سے ان سروس پرووائیڈرز کی تاریں اپنے کھمبوں سے ہٹانے کی مہم میں تیزی آئی ہے۔
گزشتہ دنوں کراچی میں ایک مرتبہ پھر تیز بارشیں ہوئیں اور کرنٹ لگنے سےاموات کے واقعات سامنے آئے۔
چنانچہ کے الیکٹرک نے ایک مرتبہ پھر کیبل آپریٹرز اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی تاریں اپنے کھمبوں سے ہٹانی شروع کیں جس پر مؤخر الذکر فریقوں کی جانب سے ہڑتال کی جا رہی ہے۔ کیبل آپریٹرز اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ان کی تاروں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے جس کے باعث وہ اپنی خدمات احتجاجاً چند گھنٹوں کے لیے بند کر رہے ہیں۔ اس پر کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے انفراسٹرکچر پر ٹی وی اور انٹرنیٹ کی تاروں کی ‘تجاوزات’ کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔ کے الیکٹرک کے مطابق کیبل آپریٹرز نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ 50 مقامات پر 20 جولائی تک اپنی تاریں زیرِ زمین منتقل کریں گے تاہم ایسا نہیں ہو سکا ہے۔ ردِ عمل میں مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کی تنظیم پاکستان ٹیلی کام ایکسیس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن جس میں کیبل آپریٹرز اور انٹرنیٹ فراہم کرنے والی نجی کمپنیاں شامل ہیں، ان کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی۔ پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے کہا تھا کہ اس حوالے سے کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں تاہم اس کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے اُن کی تاروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
مگر کے الیکٹرک اور سروس پرووائیڈرز کے درمیان جاری اس تنازعے میں صارفین انٹرنیٹ جیسی اس سہولت سے محروم ہو رہے ہیں جسے کئی حلقوں کی جانب سے اب بنیادی حق تصور کیا جاتا ہے۔ ایک صارف سیدہ ترمذی نے ٹوئٹر پر اس حوالے سے لکھا کہ ‘یہ اچھا ہے دن میں کے الیکٹرک والے لائٹ لے جاتے ہیں، اور شام میں کیبل نیٹ والے ان کے خلاف احتجاجاً انٹرنیٹ اور کیبل۔’

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button