نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ( ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

مسلم لیگ( ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج پارٹی کے تاحیات قائد نوازشریف کی زیرصدارت آج لاہور میں ہوگا۔ نون لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری پر جوابی حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور ملک گیر تحریک چلانے کےلیے حکمت عملی پر غور کیا جائےگا انہوں نے کہا کہ نوازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے اور مستقبل کی حکمت عملی پر پارٹی راہنماﺅں کو اعتماد میں لیں گے۔
گزشتہ روز نون لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، محمد زبیر، آصف کرمانی اور راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر راہنماﺅں نے شرکت کی تھی۔ مسلم لیگ (ن) کی سی ای سی کے اجلاس سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا تھا نواز شریف نے کہا کہ شہبازشریف کے ساتھ ہونے والے سلوک پر دکھی ہوں سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے دیانت داری سے قوم اور ملک کی خدمت کی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ جدوجہد مزید تیز کریں گے انہوں نے کہا کہ فخر ہے کہ ہمارے ساتھی جرات سے حالات کا مقابلہ کررہے ہیں ذرائع کے مطابق نون لیگ کے سی ای سی اجلاس کے بعد مریم نواز نے پنجاب میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کے مطابق مریم نواز 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کریں گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق جلسوں میں شرکت کےلیے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی دعوت دی جائے گی۔ دوسری جانب آج جمعرات کے روز لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی کی سربراہی میں غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی جس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی، ہائی کمیشن لندن نے وزارت خارجہ کے ذریعے عملدرآمد رپورٹ پاکستان بھجوائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم جان بوجھ کر وارنٹ گرفتاری وصول نہیں کر رہا ہے اور ملزم اسی وجہ سے لندن فرار ہوا ہے۔ سماعت کے دوران نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کیے، ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کرلیں۔ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی، اس کے علاوہ عدالت نے میر شکیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع بھی کردی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button