اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کرونا کو شکست دینے میں کامیاب
ویب ڈیسک12 مئ 2020Facebook Count
Twitter Share
0
Translate
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کورونا وائرس سے صحتیاب ہو گئے ہیں اور ان کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
خیال رہے کہ اسد قیصر اور ان کے دو بچوں میں 30 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
تاہم اب انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی صحتیابی کی تصدیق کی ہے۔
تحریر جاری ہے
انہوں نے کہا کہ الحمداللہ، میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے اور میرے بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بچوں کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے والے افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس سے قبل بھی ایک ٹوئٹ میں اپنی طبیعت میں بہتری اور ہسپتال سے گھر منتقلی کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘اللہ پاک کے فضل و کرم اور خصوصی دعاؤں سے میں ہسپتال سے گھر منتقل ہو چکا ہوں، پوری قوم کی نیک تمناؤں پر شکر گزار ہوں، پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں اور انشااللہ جلد مکمل صحت یاب ہو جاؤں گا’۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی میں گزشتہ ماہ 30 اپریل کو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں تھے جبکہ چند دن قبل انہیں علاج کے لیے ہسپتال میں بھی داخل کرایا گیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی تھی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی پہلے رکن اسمبلی یا سیاستدان نہیں جو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے بلکہ اس سے قبل بھی چاروں صوبوں میں متعدد اہم سیاسی و سماجی شخصیات میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور آئسولیشن میں رہنے کے دوران وہ وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔
علاوہ ازیں وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔
مارچ کے مہینے میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
رواں ماہ 7مئی کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی اور وہ اس وقت قرنطینہ میں ہیں۔
چند دن قبل ہی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے جبکہ اس کے بعد گورنر ہاؤس کے متعدد ملازمین کے بھی وائرس کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
