محکمہ موسمیات کی کل سے ملک میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے 4 مئی سے ملک بھر میں موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں خوشاب، نوشہرہ کٹھہ، سگھرال، خالق آباد، جوہرآباد، ہڈالی مٹھہ، ٹوانہ گروٹ، میانوالی، مڈھ رانجھا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ ژالہ باری سے زمین پر سفید تہہ بن گئی اور شہری کلمہ کا ورد کرتے رہے۔
مسلسل موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ چنے اور گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی اور شہریوں کو سحری میں مشکلات پیش آئیں۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں کل پیر 4 مئی سے بدھ 6 مئی تک موسلادھاربارشوں اور طوفان کی پیش گوئی کی ہے جس پر تمام اداروں کو ریڈ الرٹ کردیا گیا۔
راولپنڈی میں واسا، آر ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کو تین روز الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نالہ لئی اور بڑے نالوں کے کنارے آباد شہریوں کو بھی محتاط اور ہوشیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
