بھارت کیخلاف نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میں شکست

بھارت نےلوکیش راہل اورباؤلرزکی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کودوسری ٹی20 میچ میں باآسانی7وکٹوں سے شکست دے کرپانچ میچوں کی سیریزمیں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔
آکلینڈ میں کھیلےگئےسیریزکےدوسرے میچ میں ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنےوالی نیوزی لینڈ کی ٹیم کواوپنرزنے48رنزکا اچھا آغازفراہم کیا۔ بھارت کوپہلی کامیابی ایک مرتبہ پھرمارٹن گپٹل کی شکل میں ملی جو20 گیندوں پر2 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے33 رنزبنانےکےبعد شردل ٹھاکرکی وکٹ بن گئے۔ اسکور68 تک پہنچا تو کولن منرو بھی 25 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شیوم دوبے کی گیند پر کپتان ویرات کوہلی کو کیچ دے بیٹھے۔
لیکن بھارتی ٹیم کو بڑی کامیابی اس وقت ملی جب کولن ڈی گرینڈ ہوم ایک اور مرتبہ ناکامی سےدوچار ہو کر پویلین لوٹے جبکہ 81 کے اسکور پر کین ولیمسن کی وکٹ گری تو نیوزی لینڈ کی ٹیم81رنز پر چار کھلاڑیوں سےمحروم ہو چکی تھی۔ اس مرحلے پر روس ٹیلر اور ٹام سیفرٹ کی جوڑی نے 44 رنز جوڑ کر ٹیم کی کچھ داد رسی کی لیکن بھارتی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب وہ تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے۔ ٹیلر نے 24 گیندوں پر 18 جبکہ سیفرٹ نے 33 رنز بنائےاور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 132رنز ہی بنا سکی۔
بھارتی کی جانب سے رویندرا جدیجا دو وکتوں کے ساتھ سب سےکامیاب باؤلر رہے جبکہ ٹھاکر، جسپریت بمراہ اور دوبے نے ایک ایک وکٹ لی۔ 133 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں ٹم ساؤدھی نے اپنی ٹیم کو ابتدا میں ہی روہت شرما کی قیمتی وکٹ دلا کر کچھ آس دلائی جبکہ 39 کے مجموعی اسکور پر کوہلی کی اننگز بھی صرف 11 رنز پر تمام ہوئی۔ اس مرحلے پر لوکیش راہل وکٹ پر ڈٹ گئے اور ان فارم بلے باز نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 57رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 15 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، شریاس آئیر نے بھی 3 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔
اس میچ میں 7 وکٹوں سے فتح کی بدولت بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری بھی حاصل کر لی۔ لوکیش راہل کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button