محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
لاہور: قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد عامر پاکستان کے لیے ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔ آئندہ میچز اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2020 میں شرکت کے لیے اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا
محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کرئیر کا آغاز کیا تھا۔
محمد عامر نے 36 ٹیسٹ میچوں میں 30 کی اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔
اپریل 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میچ میں 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین پرفارمنس تھی۔
ایم ڈی پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے کہا کہ محمد عامر کا شمار موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ بولرز میں ہوتا ہے جہاں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم گراؤنڈ اور ڈریسنگ روم میں محمد عامر کی کمی محسوس کرے گی۔