کرنٹ خسارے میں نمایاں کمی بڑی کامیابی ہے:وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی کرنٹ اکائونٹ خسارہ 6 ارب ڈالر کم ہو گیا ، برآمدات بڑھانے کے حکومتی اقدامات کے بھی مثبت نتائج آ رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بیرونی خسارہ ختم کرنے کے لیے حکومتی کوششیں رنگ لا رہی ہیں ، برآمدات بڑھانے کے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج آ رہے ہیں ، کرنٹ خسارے میں نمایاں کمی بڑی معاشی کامیابی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات و ترسیلات زر بڑھا کر اور درآمدات کم کر کے بیرونی ناہمواریوں میں کمی کی حکومتی کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں ، گزشتہ برس کے مقابلے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 6 ارب ڈالر کم ہے جبکہ رواں برس جولائی کا خسارہ جولائی 2018 کے مقابلے میں 73% یا 1.5 ارب ڈالر کم ہے جو یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے۔
۔اس سے قبل سابق وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا تھا کہ ہم نے پہلے 100روز میں ماہانہ بیرونی خسارہ نصف کردیا ہے، حکومت سنبھالی توبجٹ خسارہ 23 سو ارب روپے اور 9 ارب ڈالر بیرونی خسارہ تھا۔وزیراعظم کا ویژن زبردست ہے ہم منشور کے مطابق وعدے پورے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت ملی توبجٹ خسارہ 23سو ارب روپے تھا۔تمام ادارے خسارے میں جارہے تھے۔
گیس 150ارب خسارہ تھا،3 ہزارارب خسارہ ہی چل رہا ہے۔ حکومت ملنے سے تین مہینے پہلے 9ارب ڈالر بیرونی خسارہ تھا۔ہم نے پہلے 100روز میں ماہانہ بیرونی خسارہ نصف کردیا ہے۔یہ محنت کا نتیجہ ہے کہ ہم 2مہینوں میں ادائیگیوں کے بحران سے نکل آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے افلاطون کہتے ہیں آنکھ بند کر کے آئی ایم ایف کی شرائط کے معاہدے پر دستخط کیوں نہیں کرتے۔ اسد عمر نے کہا کہ اسٹیل ملز ملازمین کی بیواؤں کا ایک پیسہ بھی ادا نہیں کیا لیکن ہم آج بیوائوں کا قرض اتاریں گے ۔