بھارت پاکستان سے کشیدگی کم : ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلی فون ، پاکستان سے کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا ہے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا ۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگان گڈلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘صدر ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

ٹرمپ اور مودی کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کی کہ تجارت میں توسیع کے ذریعے امریکا اور بھارت کے معاشی تعلقات کو کیسے آگے بڑھایا جائے گا ، ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنما جلد ہی دوبارہ ملاقات کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ نریندر مودی نے انہیں کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کے لیے کہا تھا اور وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ دو ہفتے قبل میری وزیر اعظم نریندر مودی سےملاقات ہوئی اور انہوں نے کہا کہ کیا آپ مصالحت کار یا ثالث بننا چاہیں گے تو میں نے پوچھا کہاں جس پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کیونکہ یہ مسئلہ کئی برسوں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ جان کر حیران ہوا کہ یہ مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے میرا خیال ہے کہ وہ اس کو حل کریں گے اور مجھے ثالث بن کر خوشی ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں کشمیر کے حوالے سے بہت کچھ سن چکا ہوں یہ ایک خوب صورت جگہ ہے لیکن وہاں روزانہ بمباری ہوتی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹرمپ کے بیان کو خوش آئند قرار دیا تھا جبکہ بھارت کی حکومت کی جانب سے ٹرمپ کے بیان کو غلط فہمی قرار دیتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا تاہم نریندر مودی نے اس کی تردید یا تائید کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button