2019 میں بزنس شروع کرنے والی شوبز سٹارکون ہیں؟
2019 میں کئی شوبز ستاروں نے سلوراسکرین پر پہلی مرتبہ قدم رکھےتو کسی نے خود فلم بنانے کی ٹھان لی جبکہ انڈسٹری کی چند ادکاراؤں نے اپنا کاروبار بھی شروع کیا ہے۔
2019 میں کئی پاکستانی اداکاراؤں نے انڈسٹری میں بہترین اداکاری کر کے اپنا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ کاروباری میدان میں بھی قدم جمانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔آئیے جانتے ہیں کہ 2019 میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی کن کن اداکاراؤں نے کاروباری دنیا میں قدم رکھا۔
سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بننے والی بہنوں کی جوڑی اداکارہ عروہ اور ماورا نے کپڑوں اور جیولری کا برانڈ متعارف کرایا ہے۔ دونوں بہنوں کے برانڈ میں مغربی طرز کے لباس اور اینٹیک جیولری فروخت کی جاتی ہے، عروہ اور ماورا کی اس برانڈ سے فی الحال صارفین آن لائن شاپنگ کر سکتے ہیں۔
بہت ہی کم عمر میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی مقبول ترین جڑواں بہنوں کی جوڑی اداکارہ ایمن اور منال نے بےشمار ڈراموں میں اداکاری کر کے انڈسٹری میں نام بنایا۔ اداکارہ عروہ اور ماورا کی طرح مقبول جڑواں بہنوں کی جوڑی اداکارہ ایمن منیب اورمنال خان نے بھی رواں سال اپنی کپڑوں کی برانڈ متعارف کرا کر کاروباری دنیا میں قدم رکھا ہے۔ دونوں بہنوں کی کپڑوں کی برانڈ مشرقی لباس پر مبنی ہے اور ان کی برانڈ سے بھی صارفین فی الحال آن لائن خریداری کر سکتے ہیں۔
پاکستان کی معروف مارننگ شو ہوسٹ ندا یاسر نے بھی 2019 میں سوشل میڈیا پراپنی کپڑوں کی برانڈ جلد متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ اور ماڈل عریبہ حبیب نے بھی رواں سال اپنی کپڑوں کی برانڈ متعارف کرائی ہے۔
ڈرامہ انڈسٹری کی دنیا میں حال ہی میں قدم رکھنے والی اداکارہ کومل عزیز نے 2019 میں اپنی کپڑوں کی برانڈ متعارف کرائی ہے جس میں مغربی اور مشرقی دونوں ہی طرز کے لباس شامل ہیں۔ اداکارہ کی برانڈ کے کپڑوں کی قیمتیں بھی مناسب رکھی گئی ہیں تاکہ اسے ہر کوئی خرید سکے۔
