سورج کی 38لاکھ میل کے فاصلے سےلی گئی تصویرجاری

 امریکی خلائی ادارے ناسا نے سورج کی اب تک کی سب سے قریبی تصویر جاری کر دی ہے، جو صرف 38 لاکھ میل کے فاصلے سے لی گئی ہے ۔

حیرت انگیز تصویر پارکر سولر پروب نے 24 دسمبر 2024 کو سورج کے انتہائی قریب سے گزرتے ہوئے لی۔ یہ اسپیس کرافٹ ناسا نے 2018 میں سورج کے ماحول اور اس کی سرگرمیوں کا مطالعہ کرنے کے لیے لانچ کیا تھا۔

ناسا کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین فوٹیج میں پارکر پروب کی جانب سے سورج کے انتہائی قریب سے کھینچی گئی تصاویر شامل ہیں، جن میں شمسی ماحول کی باریک تفصیلات کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ناسا کے سائنس مشن ڈائریکٹوریٹ کی ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر نکی فوکس کے مطابق، یہ نیا ڈیٹا سائنس دانوں کو خلائی موسم (Space Weather) کی بہتر پیشگوئیوں میں مدد دے گا، جس کا مقصد زمین، خلا میں موجود ٹیکنالوجی، اور خلا نوردوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

پارکر سولر پروب آئندہ برسوں میں سورج کے مزید قریب جانے کے مشن پر ہے، جس سے سائنسدانوں کو سورج کی سطح، اس کے پلازما، اور شمسی ہواؤں کی نوعیت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔

Back to top button