بنگلہ دیش میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی،5افراد ہلاک

بنگلہ دیش میں 5.7 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زلزلے نے کئی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
بنگلہ دیشی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ زلزلہ جمعہ کی صبح آیا اور اس کے جھٹکے تقریباً 26 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔ خوف کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے نکل کر کھلے مقامات کی طرف دوڑ پڑے۔
جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈھاکا کے قریب نرسنگدی شہر تھا جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جھٹکے بھارتی شہر کولکتا اور شمال مشرقی بھارت کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے 5 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی رپورٹس بھی موصول ہوئی ہیں۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ متعدد افراد زیر تعمیر عمارتوں سے گرنے والی اینٹوں اور سیمنٹ کے ملبے کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔
عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق زخمیوں میں ڈھاکا یونیورسٹی کے طلبہ، گازی پور کے فیکٹری ورکرز اور نرسنگدی کے رہائشی شامل ہیں۔
ڈھاکا کے ایک شہری نے بتایا کہ ’’میں نے اپنی زندگی میں اتنے شدید جھٹکے کبھی محسوس نہیں کیے۔ ہم دفتر میں تھے کہ اچانک فرنیچر ہلنے لگا، ہم فوراً نیچے بھاگے تو دیکھا کہ لوگ پہلے ہی سڑکوں پر موجود تھے۔‘‘
حکومت نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
