عبدالرزاق کو ایشوریہ سے معافی کیوں مانگنا پڑ گئی؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل رائونڈر عبدالرزاق کو قومی کرکٹ ٹیم پر تبصرے کے دوران بالی ووڈ سٹار ایشوریہ رائے پر نامناسب جملہ کسنا مہنگا پڑ گیا، کرکٹر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی زد میں آئے تو ویڈٰیو پیغام میں مداحوں سے معافی مانگ لی۔عبدالرزاق نے گزشتہ روز ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران ایشوریا رائے کی مثال دیتے ہوئے ان کے حوالے سے نامناسب بات کہی، جس کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں عبدالرزاق کو کرکٹرز کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ان کے ہمراہ سٹیج پر سابق کپتان شاہد آفریدی اور فاسٹ باؤلر عمر گل بھی موجود ہیں۔عبدالرزاق کرکٹرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کسی بھی معاملے کو اس وقت ہی بہتر کیا جا سکتا ہے جب کہ مسئلے کو حل کرنے کی نیت کرلی جائے، اگر کسی مسئلے کو حل کرنے کی نیت ہوگی تو وہ مسئلہ حل ہوگا۔ساتھ ہی عبدالرزاق نے مثال دی کہ اگر آپ کی نیت ہوگی کہ آپ ایشوریا رائے سے شادی کرلیں اور پھر وہاں سے نیک بچہ پیدا ہو تو یہ نہیں ہوسکتا، ایشوریا رائے کا نام لینے اور ان کے حوالے سے نامناسب بات کہنے پر سابق کرکٹرز شاہد آفریدی اور عمر گل بھی مسکراتے اور تالیاں بجاتے رہے۔سابق کرکٹرز نے ایونٹ کے دوران حالیہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کی تھی اور عبدالرزاق نے حالیہ ٹیم کی کارکردگی پر بات کی، جہاں انہوں نے ایشوریا رائے کا نام لے کر نامناسب مثال دی۔سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ عبدالرزاق انٹرنیشنل کرکٹر رہے ہیں، انہوں نے دنیا کے درجنوں ممالک کے دورے کیے اور وہ ہر رنگ، نسل اور صنف سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ایشوریا رائے کا نام لے کر نامناسب بات کہی، جس پر حیرانی ہوئی۔بعض افراد نے عبدالرزاق کی بات پر ہنسنے اور تالیاں بجانے پر شاہد آفریدی اور عمر گل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جس پر عمرگل نے ایک ٹوئٹ پر کمنٹ کیا کہ انہوں نے اور شاہد آفریدی نے عبدالرزاق کی بات سے اتفاق کرکے تالی نہیں بجائی، وہ اپنے سابق کرکٹر ساتھی کی بات سے اتفاق نہیں کرتے اور کسی کے خلاف بھی نامناسب بات نہیں کرنی چاہئے اور خصوصی طور پر تب جب کوئی بحث کے دوران موضوع ہی نہ ہو۔عبدالرزاق نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’کل پریس کانفرنس میں کرکٹ کی بات ہو رہی تھی، کوچنگ کی بات ہو رہی تھی اور نیت کی بات ہو رہی تھی، اور میری زبان پھسل گئی اور میں نے مثال کوئی اور دینی تھی اور ایشوریا رائے جی کا نام میرے منہ سے نکل گیا، سابق آل راؤںڈر مزید کہتے ہیں کہ میں اس پر بہت معذرت خواہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں اُن سے، میرا مقصد ایسا نہیں تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر عبدالرزاق کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک تقریب میں شریک تھے جہاں دوران گفتگو انہوں نے ہندی فلموں کی سپرسٹار اداکارہ ایشوریا رائے کے بارے میں گفتگو کی تھی۔

Back to top button