FC ہیڈکوارٹر کے حملہ آور افغان شہری لگتے ہیں،آئی جی کے پی

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملے کی تحقیقات میں کافی پیش رفت ہوچکی ہے اور ابتدائی شواہد کے مطابق تینوں دہشتگرد افغان شہری معلوم ہوتے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی نے بتایا کہ گزشتہ روز ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے تین دہشتگردوں کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہیں، جبکہ ان کے فنگرپرنٹس نادرا کو بھیج دیے گئے ہیں۔

ذوالفقار حمید نے کہا کہ تحقیقات میں دہشتگردوں کی پشت پناہی اور داخلے کے راستے کا سراغ لگایا جا چکا ہے۔ دہشتگردوں نے جہاں رات گزاری، اس کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے اور زیر استعمال موٹرسائیکل قبضے میں لے کر اس سے فنگرپرنٹس حاصل کر لیے گئے ہیں۔ تاہم، ابھی تک کسی سہولت کار کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

آئی جی کے مطابق دہشتگردوں کی آمد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے اور شناخت کے لیے نادرا کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اسلحہ اور دیگر ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں، اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی، تھانے سے افسران تک بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ سلامتی کے اقدامات مضبوط کیے جا سکیں۔

آئی جی نے بتایا کہ دہشتگردوں کی حکمت عملی میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے اور اس سال حملوں میں اضافہ ہوا، تاہم سکیورٹی فورسز نے انہیں پسپا کر دیا ہے۔

Back to top button