اداکار پریم چوپڑا طبیعت ناسازہونےپرہسپتال منتقل

بالی ووڈ کے سینئر اداکار پریم چوپڑا طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے  ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینئر اداکار پریم چوپڑا کو سینے میں انفیکشن کے باعث گزشتہ ہفتے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا۔

وہ گزشتہ تین روز سے طبی نگرانی میں ہیں، ان کے اہلِ خانہ کے مطابق اب ان کی طبیعت میں واضح بہتری آ رہی ہے۔ انہیں اگلے تین سے چار دنوں میں ہسپتال سے فارغ کیے جانے کی توقع ہے۔

پریم چوپڑا بھارتی سنیما میں اپنے منفرد منفی کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پنجابی فلم ’چوہدری کرنیل سنگھ‘ (1960) سے کیا تھا، یہ فلم نیشنل ایوارڈ یافتہ قرار پائی۔

اسی دوران انہوں نے ہندی فلموں میں بھی قدم رکھا اور ’شہید‘ (1965) میں ایک مثبت کردار کے ذریعے پہچان حاصل کی، تاہم انہیں اصل شہرت شائستہ مگر خطرناک ولن کے روپ میں ملی، جس نے انہیں 70ء اور 80ء کی دہائی کے مقبول ترین اداکاروں میں شامل کر دیا۔

 

Back to top button