اداکارہ حمیرا اصغر لاہور میں سپرد خاک ، موت کی وجوہات پر تاحال سوالیہ نشان

کراچی کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کو لاہور میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرحومہ کے بھائی نے بتایا کہ فی الحال کسی کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا، اور وہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ خانہ اور حمیرا کے قریبی دوست کافی عرصے سے ان سے رابطے کی کوشش کر رہے تھے، مگر کامیاب نہ ہو سکے۔ افسوسناک خبر سامنے آنے کے بعد بعض افراد نے اہلِ خانہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، لیکن کسی نے معاملے کے دیگر پہلوؤں پر غور نہیں کیا۔ کیا کسی نے حمیرا کے مالک مکان سے سوالات کیے؟

ادھر حمیرا کے چچا کا کہنا تھا کہ وہ 2017 میں گھر چھوڑ کر چلی گئی تھیں، تاہم دو سے تین ماہ بعد کبھی کبھار گھر آتی رہتی تھیں۔ والدین اس کی خوشی میں خوش تھے اور خاندان نے کبھی بھی اس سے تعلق ختم نہیں کیا۔

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت: قتل کے شواہد نہیں ملے، ڈی آئی جی ساؤتھ

یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے اتحاد کمرشل میں واقع ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی کے باعث مالک مکان نے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالتی بیلف کے فلیٹ پر پہنچنے اور دروازہ نہ کھلنے پر جب دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش مکمل طور پر گل چکی تھی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکارہ کا انتقال تقریباً 8 ماہ قبل ہو چکا تھا۔

Back to top button