اداکارہ حمیرا اصغر کی 2ہفتےپرانی لاش برآمد،موت معمہ بن گئی

کراچی کے علاقے ڈیفنس سے معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر علی کی دو ہفتے پرانی لاش ملی ہے، موت معمہ بن گئی،کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق 32 سالہ حمیرا اصغر فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھیں۔ کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان نے عدالتی کارروائی کی، جس پر بیلف فلیٹ خالی کرانے پہنچا۔ دروازہ نہ کھلنے پر جب زبردستی اندر داخل ہوا گیا تو اداکارہ کی لاش بستر پر موجود تھی، جو گل سڑ چکی تھی۔
لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ پولیس سرجن کے مطابق لاش کی حالت کے باعث موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے دو موبائل فون ملے ہیں جنہیں فارنزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اداکارہ کی آخری کال اکتوبر 2024 میں کی گئی تھی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق حمیرا کے اہل خانہ کو اطلاع دی گئی، تاہم والد نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔
