اداکارہ حمیراکےوالدین نےبیٹی کے قتل کاشبہ ظاہرکردیا

معروف اداکارہ حمیرا اصغر کے والدین نے بیٹی کی موت پر کئی سوالات اٹھاتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو قتل کیا گیا ہو سکتا ہے۔

لاہور میں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمیرا کے والدین کا کہنا تھا کہ بیٹیاں ہر والدین کو عزیز ہوتی ہیں، ہمیں بھی اپنی بیٹی سے بے حد محبت تھی، مگر سوشل میڈیا پر ہمارے خلاف زہریلے تبصرے کیے گئے، جن سے دکھ اور صدمہ مزید بڑھ گیا۔

حمیرا کے والد ڈاکٹر اصغر علی نے تصدیق کی کہ سندھ پولیس نے انہیں بیٹی کی لاش وصول کرنے کے لیے فون کیا تھا، تاہم پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی تقاضوں کی وجہ سے فوری طور پر لاش لینے ممکن نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے لاش لینے سے انکار کیا ہوتا تو پھر بیٹے کو کراچی کیوں بھیجا؟

ڈاکٹر اصغر نے حمیرا کی موت پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاش اسٹور روم میں الٹی حالت میں پڑی تھی، جبکہ گھر کے دروازے مشکوک حالت میں تھے۔ یہ واقعہ کسی فطری موت کا نہیں لگتا، بلکہ اس کے پیچھے کوئی گہری سازش ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کراچی نہیں جا سکے کیونکہ بہن کی اچانک وفات اور اپنی طبیعت کی خرابی کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں تھے، تاہم جو معلومات اب تک ملی ہیں، ان سے یہی لگتا ہے کہ حمیرا کے ساتھ کچھ "غلط” ہوا ہے اور ممکن ہے وہ کسی ظلم یا سازش کا شکار بنی ہو۔

Back to top button