ویزا پر10سال کی پابندی ختم کی جائے،اداکارہ میراکی برطانیہ سے اپیل

اداکارہ میرانےبرطانوی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ویزا پر10سال کی پابندی غلط فہمی کی بنیاد پرلگی جسے ختم کیاجائ۔
اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت، بالخصوص پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ ان کا ویزا کیس میرٹ پر دیکھ کر انہیں ویزا جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بہن کینسر میں مبتلا ہے اور برطانیہ میں مقیم ہے، جبکہ ان پر مبینہ غلط فہمی کی بنیاد پر پابندی عائد کی گئی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں میرا نے کہا کہ انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کو تمام مطلوبہ دستاویزات پاکستان اور لندن دونوں جگہ جمع کروادی ہیں، اس کے باوجود ان کی درخواست پر کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔
اداکارہ کے مطابق، ان کا کیس ایک غلط فہمی اور بات کو صحیح طور پر نہ سمجھنے کی بنیاد پر متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں ان پر برطانیہ میں داخلے کی پابندی عائد کی گئی۔
میرا نے کہا کہ ان کی بہن اور دیگر قریبی رشتہ دار برطانیہ میں مقیم ہیں، ان کی بہن کینسر کی مریضہ ہیں اور ان کی دو سالہ بیٹی کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔ ایسی صورت میں ان کا برطانیہ جانا نہایت اہم ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے ویزے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں، متعدد بار درخواستیں بھی دے چکی ہیں لیکن ان کی سنوائی نہیں ہو رہی۔
میرا نے برطانوی ہائی کمشنر سے درخواست کی کہ وہ انسانی ہمدردی اور میرٹ کی بنیاد پر ان کی ویزا درخواست پر غور کریں اور انہیں برطانیہ کا ویزا جاری کیا جائے۔
