اداکارہ صبا قمر طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل

پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر کو طبیعت کی اچانک خرابی کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں داخل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق صبا قمر ڈرامے کی طویل شوٹنگ میں مصروف تھیں اور کئی گھنٹوں سے مسلسل کام کر رہی تھیں، جس کے باعث انہیں بے چینی اور گھبراہٹ محسوس ہوئی۔ طبیعت بگڑنے پر انہیں فوراً قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں نگرانی میں رکھا۔
ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ تھکن اور نیند کی کمی کے باعث ان کی حالت بگڑی، تاہم فوری طبی امداد کے بعد اب ان کی حالت تسلی بخش ہے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
صبا قمر نے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اسپتال کے عملے کے ساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور نرسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اب خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں اور جلد دوبارہ کام پر واپس آئیں گی۔
