اداکارہ ثنا جاوید الزامات کے بھنور میں پھنس گئیں

اداکارہ
ثنا جاوید سوشل میڈیا پر لگائے جانے والے الزامات کی گرفت میں ایسی پھنسی ہیں کہ باہر نہیں نکل پا رہیں
، کئی میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس، ماڈلز اور نئے اداکاروں کے بعد اب ثنا جاوید پر معروف ڈراما ہدایت کار عامر یوسف نے بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں لوگون سے نامناسب رویہ اختیار کرنے والی اداکارہ قرار دے دیا ہے۔
ثنا جاوید کے خلاف ابتدائی طور پر منال سلیم، ماڈل فریحہ شیخ اور میک اپ آرٹسٹس اکرام گوہر اور ریان تھومس نے نامناسب رویے کے الزامات لگاتے ہوئے انہیں بد اخلاق اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیا تھا۔ بعد ازاں میک اپ آرٹسٹ واجد خان، ماڈل ماہ نور شیخ، اداکارہ رابعہ کلثوم، فوٹوگرافر سونیا مشال اور اسٹائلسٹ آرندا طول النور نے بھی ثنا جاوید پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں دوسروں کو کم تر سمجھنے والی خاتون قرار دیا تھا۔
جہاں ثنا جاوید پر لوگوں نے الزامات لگائے تھے وہیں شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد اور صحافیوں نے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربات بیان کیے تھے، ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کرنے والی دیگر شخصیات میں کرکٹر شعیب ملک، شوبز شخصیت وقاص رضوی، راسخ اسماعیل خان،صحافی مہوش اعجاز اور آمنا عیسانی سمیت دیگر افراد شامل تھے۔ اب ہدایت کار عامر یوسف نے ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کر دیئے، عامر یوسف نے انسٹاگرام پوسٹ میں ثنا جاوید کی تصویر اور اپنے ڈرامے ’اعتراض‘کی شوٹنگ کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ثنا جاوید انتہائی غیر پیشہ ورانہ خاتون ہیں، وہ عام طور پر کسی کے رویے سے متعلق یوں کھل کر بات نہیں کرتے لیکن اب محسوس کیا کہ کسی شخص کی جانب سے کام کے دوران کیے گئے نامناسب رویے پر بات کرنے کا وقت آچکا ہے۔
عامر یوسف کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ثنا جاوید کا رویہ انتہائی نامناسب ہوتا ہے اور اداکارہ نے ان کا ڈراما ’اعتراض‘ بھی برباد کیا، ہدایت کار نے لکھا کہ اگر ثنا جاوید ان کے الزامات کو مسترد کرتی ہیں تو ان کے پاس دستاویزی ثبوت موجود ہیں اور وہ سامنے لے آئیں گے، ثنا جاوید نے سینئر استاد ڈائریکٹر ندیم بیگ سے تعلقات بھی خراب کرائے، جنہیں وہ اپنا محسن مانتے اور سمجھتے ہیں۔
کنگنا رناوت نے 6 انگلیوں والے ہریتک روشن کو کیا وارننگ دی؟
ہدایتکار نے اپنی پوسٹ میں ’ایکٹرس الائنس ٹرسٹ‘ پاکستان کی چیئرپرسن عتیقہ اوڈھو اور ’یونائیٹڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن‘ کے چیئرمین نبیل ظفر سے اپیل کی کہ ثنا جاوید کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ تفتیشی کمیٹی کا اعلان کیا جائے۔
ہدایت کار عامر یوسف سے قبل ہدایت کار ندیم بیگ نے ثنا جاوید کے رویے کی تعریفیں کی تھیں، اسی طرح فہد مصطفیٰ اور شعیب ملک نے بھی بتایا تھا کہ ثنا جاوید کا ان کے ساتھ ہمیشہ اچھا رویہ رہا ہے، ثنا جاوید نے خود پر لگے الزامات کو اپنے خلاف مذموم مہم قرار دیتے ہوئے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے اور کم از کم الزامات لگانے والے تین افراد کو قانونی نوٹسز بھی بھجوا رکھے ہیں۔
