اداکارہ زارا نور عباس ملکہ کی بجائے بادشاہ بن گئیں
معروف ٹی وی اداکارہ اور بشری انصاری کی بھانجی زارا نور عباس نے ملکہ کی بجائے بادشاہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر یہ ہے کہ زارا نور عباس ‘بادشاہ بیگم’ نامی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے جا رہی ہیں۔ زارا کے آنے والے میگا کاسٹ ڈرامے ’بادشاہ بیگم‘ کا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں زارا نور کو تخت پر بیٹھ کر بادشاہت کرتے دکھایا گیا ہے۔
ٹیزر میں جہاں زارا کو مردانہ سماج میں بادشاہت کرتے دکھایا گیا ہے، وہیں انہیں خود مختاری کے لیے لڑتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر میں زارا کو جہاں ایک باغی خاتون کے طور پر دکھایا گیا ہے، وہیں انہیں گدی نشین کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ٹیزر میں صرف زارا نور عباس کا کردار دکھایا گیا ہے جو کہ تلوار سے کھیلنے سمیت تخت پر بیٹھ کر گدی نشینی کے فیصلے بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ڈرامے کے ٹیزر میں زارا نور عباس کہتی سنائی دیتی ہیں کہ عزت کو ہمیشہ عورت سے ہی منسوب کیا جاتا ہے اور قربانی بھی ہمیشہ اسے ہی دینی پڑتی ہے۔ ٹیزر کو شیئر کرتے ہوئے زارا نور عباس نے کیپشن میں لکھا کہ ’عورتیں کسی کی جاگیر نہیں کہ ان پر شرطیں اور بازیاں لگائی جائیں۔ ’بادشاہ بیگم‘ کی کہانی سجی گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات خضر ادریس نے دی ہے۔ اس ڈرامے کو مومنہ درید اور رافع راشد نے پروڈیوس کیا ہے، جسے جلد ہی ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
نرملا نے کوک اسٹوڈیو والوں کے رنگ میں بھنگ کیسے ڈالی؟
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں یاسر حسین، فرحان سعید، علی رحمٰن خان، کومل میر اور شہزاد نواز سمیت دیگر اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اسی ڈرامے کے حوالے سے کچھ دن قبل ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے یاسر حسین نے بتایا تھا کہ ڈرامے میں وہ پہلی بار ایک منفرد کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا تھا کہ ’بادشاہ بیگم‘ کی کہانی مغل بادشاہت دور کی نہیں ہے بلکہ ڈراما جدید دور پر بنایا گیا ہے۔ ڈرامے بارے زارا نور نے بتایا تھا کہ وہ اس میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے اس کی کہانی نہیں بتائی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’بادشاہ بیگم‘ کو پہلے فلم کے طور پر بنایا جا رہا تھا، تاہم بعد ازاں اسے ڈرامے کی صورت میں بنایا گیا اور اب اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ زارا نور عباس اداکارہ بشری انصاری کی اداکارہ بہن اسما عباس کی بیٹی ہیں۔